امریکا اور ایران کے نمائندے جلد پاکستان میں ملاقات کریں گے، جرمن وزیر خارجہ

جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فیہول نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے نمائندے جلد پاکستان میں ملاقات کریں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنا اور ممکنہ مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔
جرمن ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ اب تک امریکا اور ایران کے درمیان رابطے بالواسطہ جاری رہے ہیں، لیکن اب براہ راست ملاقات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور یہ اہم اجلاس پاکستان میں متوقع ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔
پاکستانی ثالثی میں ایران-امریکہ مذاکرات سے جنگ بندی ناممکن کیوں؟
دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سرگرم سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ملاقات کامیاب ہوتی ہے تو یہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی مزید مستحکم بنا سکتی ہے۔
