ایران میں گرلز سکول پر امریکی حملہ، شہادتوں کی تعداد 148 تک پہنچ گئی

ایران میں گرلز سکول پر امریکی و اسرائیلی فضائی حملہ، شہادتوں کی تعداد 148 تک پہنچ گئی۔
ایران پر امریکا اور اسرائیل کے مبینہ مشترکہ حملوں کے حوالے سے ہولناک تفصیلات سامنے آئی ہیں۔جنوبی ایران کے شہر مناب میں ایک گرلز ایلیمنٹری سکول پر فضائی حملہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت سکول میں تقریباً 170 طالبات موجود تھیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کم از کم 51 افراد کی شہادت اور 60 کے قریب زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں شہادتوں کی تعداد بڑھ کر 148 تک پہنچنے کی خبر سامنے آئی، جبکہ 95 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں طالبات اور سکول کا عملہ شامل ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹا کر دبے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ صبح کے وقت کیا گیا اور سکول کی عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد امدادی اداروں اور طبی ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور عالمی سطح پر شدید ردعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
