ماحولیاتی تحفظ کیلئےاقدامات پرامریکی کانگریس ارکان کامریم نوازکےنام خط

پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کیلئےاقدامات پرامریکی کانگریس ارکان نے وزیراعلیٰ مریم نوازکے نام خط لکھ دیا۔
کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے خط میں اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو سراہا گیا ہے۔
امریکی کانگریس ارکان کے خط میں کہا گیا ہے کہ اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مقصد ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ اور جبری مشقت کا خاتمہ ہے۔
خط میں امریکی کانگریس ارکان نے کہا ہے کہ ہمیں مائیک برکلی اور ڈاکٹر روبینہ فیروز نے آپ کی انتظامیہ کے اس انقلابی اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔
ان کا خط میں کہنا ہے کہ اس اہم شعبے میں جدت سے جبری مشقت کے خاتمے کی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، یہ عمل پنجاب کو غیر ملکی سرمایہ کاری بالخصوص امریکیکاروباری اداروں کے لیے ایک زیادہ پرکشش مقام بنا دے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے اور مجموعی طور پر پاکستان امریکا شراکت داری کو مضبوط کرنے کے لیے اہم ہے، پنجاب اس منصوبے کے لیے ایک پائلٹ صوبے کے طور پر بہترین حیثیت رکھتا ہے، جو آپ کے ملک کے لیے ایک معیار قائم کرے گا۔
امریکی کانگریس ارکان کے خط میں کہا گیا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں کو جدید بنانے سے انسانی حقوق کے معاملات میں بہتری آئے گی، یہ اقدام پاکستان کو طویل مدتی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بھی زیادہ پرکشش بنا دے گا۔
