روس کے خطے سائبریا میں درجہ حرارت منفی42تک پہنچ گیا

دنیا کے سرد ترین خطے سائبریا میں درجہ حرارت منفی 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبریا میں آنے والے دنوں میں یہ درجہ حرارت منفی 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جاسکتا ہے۔ یہ مقام روس کے خطے سائبریا میں واقع قصبہ اویمیا کون ہے۔
اس قصبے میں 500 سے 900افراد مقیم ہیں اور 1924 میں وہاں منفی 71.2 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا، مگر یہ غیر مصدقہ ہے۔
مصدقہ طور پر یہاں سب سے کم درجہ حرارت 1933 میں منفی 67.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہاں موسم سرما میں اوسط درجہ حرارت منفی 58 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے اور اسی وجہ سے اسے دنیا کا سرد ترین رہائشی مقام بھی قرار دیا جاتا ہے۔
یہ قصبہ یاکوتسک نامی شہر سے 577 میل دور واقع ہے۔
یاکوتسک کو دنیا کا سرد ترین شہر قرار دیا جاتا ہے، جہاں سے ایک ہی سڑک اویمیاکون تک لے جاتی ہے۔
