امریکا ایران مذاکرات،غیر ملکی مندوبین کو ویزا آن  آرائیول دینے کا فیصلہ

اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر غیر ملکی مندوبین کو ویزا آن  آرائیول دینے کا فیصلہ کرلیاگیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آنے والے غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی اور مہمان نوازی کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد امریکا اور ایران کے مذاکرات کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ وزارت داخلہ میں ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کے انعقاد سے قبل جنگ بندی کی شرائط اور مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق خدشات کے باوجود پاکستانی حکام نے صورتحال کو قابو میں قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح پر ہونے والی مشاورت میں واضح کیا گیا ہے کہ ’اب سب کچھ ٹھیک ہے، الحمدللہ‘۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ان اہم مذاکرات کے لیے واشنگٹن اور تہران سے اعلیٰ سطح کے وفود کی آمد متوقع ہے، جبکہ پاکستان خود کو عالمی سطح پر امن کے ضامن کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

 

 

 

Back to top button