مشرق وسطیٰ میں امن کیلئےامریکاایران مذاکرات بڑی کامیابی ہے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کو مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اب تک کی کوششوں میں سب سے بڑی کامیابی قرار دے دیا۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کاغیرملکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ درحقیقت مذاکرات کو ہونا اب تک خود ایک بڑی کامیابی ہے، یہ اہم ہے کہ اس وقت جنگ بندی ہے، ایران اور مشرق وسطیٰ کے بڑے حصے میں ہونے والی بم باری رک گئی ہے اور دو اہم طاقتیں مذاکرات کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ جنگ بندی موجودہ تنازع کے مزید پائیدار اور مستقل حل کی جانب قدم ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لوگ ان مذاکرات کو امید کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے گزشتہ 6 ہفتوں یا اس سے زیادہ عرصے سے جنگ کی تباہ کاریاں دیکھی ہیں، اس سے نہ صرف انسانی جانی نقصان ہوا بلکہ معاشی قیمت بھی چکانی پڑی ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر پڑے ہیں۔
