امریکا اور ایران کے مذاکرات پاکستان میں ہوں گے، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اہم نوعیت کے مذاکرات اس ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد میں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں اعلیٰ سطح کے نمائندے براہِ راست ملاقات کر سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ ملاقات خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ثابت ہو سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف کر سکتے ہیں، جبکہ امریکی ٹیم میں اسٹیو وٹکوف، جیراڈ کشنر اور نائب صدر جے ڈی وینس کی شرکت متوقع ہے۔
ایک امریکی صحافی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا ہے کہ ترکی، پاکستان اور مصر پسِ پردہ سفارتی کوششوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان رابطے قائم رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
ایران کے اسرائیل اور امریکی فوجی اڈوں پر ملٹی وار ہیڈ میزائلوں سے حملے
ذرائع کے مطابق مصر اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی ہیں، جبکہ بات چیت کا مرکزی نکتہ جنگ کا خاتمہ اور دیگر اہم تنازعات کا حل ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور جلد کسی مثبت پیش رفت کا امکان موجود ہے
