امریکہ کی اپنے شہریوں کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کی ہدایت

امریکہ نے عراق میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بغداد میں امریکی سفارت خانے نے اس ہدایت کی وجہ ملک میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور امریکی شہریوں و سفارتی مقامات پر حملوں کی اطلاعات قرار دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔
سفارت خانے نے کہا ہے کہ عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا اور دیگر مسلح گروہ امریکی شہریوں اور اثاثوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ابھی ملک چھوڑیں اور فضائی یا زمینی راستوں سے پڑوسی ممالک جیسے اردن، کویت، سعودی عرب یا ترکی کے ذریعے عراق سے نکل جائیں۔
خیال رہے کہ یہ ہدایت اس وقت جاری کی گئی ہے جب عراق میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھ چکی ہے۔ بغداد اور اربیل میں امریکی سفارت کاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور امریکی محکمہ خارجہ نے عراق سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے لیے سفر کو صرف انتہائی ضروری امور تک محدود رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
خطے میں سکیورٹی کی یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب بغداد میں امریکی سفارت خانے اور دیگر مقامات پر میزائل و ڈرون حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سفارتی دفاتر یا غیر محفوظ علاقوں کے قریب نہ جائیں اور عراق چھوڑنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
