امریکا نے سلامتی کونسل میں غزہ استحکام فورس کی نئی قرارداد پیش کر دی

امریکا نے غزہ استحکام فورس کے قیام سے متعلق ایک نئی ترمیم شدہ قرارداد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اس قرارداد کے تحت غزہ استحکام فورس کو ایک نئے "بورڈ آف پیس” کے تحت قائم کیا جائے گا، جس کی سربراہی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔

قرارداد کے متن کے مطابق، یہ بورڈ غزہ کی معاشی بحالی، تعمیر نو کے منصوبوں اور غیر ریاستی مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے اقدامات کی نگرانی کے لیے متعدد ذیلی ادارے قائم کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق، امریکی مسودے میں صدر ٹرمپ کا 20 نکاتی امن منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد غزہ میں پائیدار استحکام اور خطے میں سیکیورٹی کے نئے ڈھانچے کی تشکیل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں مصر میں غزہ سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت غزہ کا انتظام ٹیکنوکریٹس کے حوالے کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
تاہم فلسطینی تنظیم حماس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ غزہ کا انتظام صرف فلسطینی ٹیکنوکریٹس کے سپرد کیا جانا چاہیے۔

Back to top button