امریکی دھمکیوں سے ایران روس معاہدے متاثر نہیں ہوں گے، روس

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے امریکی دباؤ کے باعث ایران اور روس کے درمیان معاہدوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں سرگئی لاروف نے کہا کہ روس اور ایران کے تعلقات دونوں ممالک کے باہمی مفادات پر مبنی ہیں اور امریکی دھمکیوں سے ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے طرزِ عمل سے ان اصولوں کو نظر انداز کر رہا ہے جنہیں وہ خود فروغ دیتا رہا ہے، گلوبلائزیشن کے دعوے کرنے والا امریکا اپنے ہی بنائے گئے قوانین کی پاسداری نہیں کر رہا۔
روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کے رویے سے واضح ہوتا ہے کہ امریکی قیادت قابلِ اعتماد نہیں رہی، اور اگر ایک طاقتور ملک غیر مہذب طریقے اپنائے تو اس کا مطلب ہے کہ امریکا کی عالمی مسابقتی حیثیت مسلسل کمزور ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جبکہ ایران سے کاروبار کرنے والے تمام ممالک کو امریکا کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی تجارت پر 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔
