امریکا کے جنگی طیاروں کی گرین لینڈ آمد شروع

امریکا کے جنگی طیاروں کی گرین لینڈ آمد کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچ جائیں گے۔ نوراڈ کے مطابق گرین لینڈ کی حکومت کو بھی اس منصوبہ بندی سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

دفاعی ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں کی نئی کھیپ کی تعیناتی ڈنمارک حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کی جا رہی ہے اور امریکی فورسز کے پاس تمام ضروری سفارتی اجازت نامے موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا ایک خودمختار علاقہ ہے۔ امریکا اور ڈنمارک کے درمیان 1951 میں گرین لینڈ کے دفاع سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکا نے گرین لینڈ کو ممکنہ جارحیت سے محفوظ رکھنے کا عزم کیا تھا۔

اسی طرح امریکا اور کینیڈا نے 1958 میں سرد جنگ کے آغاز کے دوران مشترکہ دفاعی معاہدے نوراڈ پر دستخط کیے تھے، جس کا بنیادی مقصد بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ کی بروقت نگرانی اور اطلاع فراہم کرنا ہے۔

Back to top button