افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال ناقابل برداشت ہے،فیلڈمارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ النہدوستان کی جانب سے افغان سرزمین سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں ناقابل قبول ہیں، سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات کو ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں جانب امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کردیں۔

فیلڈ مارشل نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھا کر وطن کی دفاع میں جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور اس بات کو دہرایا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سیکیورٹی اور مضبوطی کی بنیاد ہیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی ماحول، جاری انٹیلیجنس پر مبنی آپریشنز اور سرحدی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں آپریشن غضب للحق کی پیش رفت اور پاکستان افغانستان سرحد پر صورتحال کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید آصف منیر نے اگلی حدود میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، ان کے پیشہ ورانہ معیار، آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کے لیے ان کی لگن کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان آرمی کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے پاکستان افغانستان سرحد پر تعینات فورسز کی جنگی تیاری، ہم آہنگی اور مضبوطی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے وانا پہنچنے پر ان کا کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔

 

Back to top button