اُشنا شاہ اپنی شادی میں بھی تنقید کی زد میں کیوں؟

معروف گالفر حمزہ امین سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ اُشنا شاہ کے دُولہے کے ساتھ رقص نے تقریب میں سماں باندھ دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

اُشنا نے شادی کی تقریب کیلئے لال رنگ کے لباس کا انتخاب کیا جبکہ ان کے شوہر نے سفید رنگ کی شیروانی زیب تن کی، تقریب میں قریبی دوستوں سمیت شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر اشنا نے دُلہے کے ہمراہ رقص بھی کیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب شادی کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے لباس پر تنقید کی، لباس پر تنقید کرنے پر اشنا نے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انسٹا گرام سٹوری کے ذریعے ایک پیغام جاری کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ان لوگوں سے مخاطب ہوں جنہیں میرے لباس سے مسئلہ ہے، آپ کو تقریب میں مدعوع نہیں کیا تھا نہ ہی آپ نے میرے لباس کے پیسے دیئے تھے، میری جیولری، میرا جوڑا سب پاکستانی ہے، تاہم میرا دل آدھا آسٹریلین ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ نے ان فوٹو گرافرز کو بھی تنقید کہ نشانہ بنایا جنہیں تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا، اداکارہ نے لکھا کہ بے گانی شادی میں جو مدعو نہ ہونے والے فوٹو گرافرز گھس گئے انہیں سلام، یاد رہے کہ ستمبر 2022 میں اُشنا شاہ نے اپنے دیرینہ دوست حمزہ امین سے منگنی کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ اداکارہ اُشنا شاہ نے اداکاری کا آغاز 2013 میں ڈرامہ سیریل ’’میرے خوابوں کا دیا‘‘ سے کیا تھا، جس کے بعد اُن کے کئی ڈرامہ سیریل نشر ہوئے، ان کے بہترین ڈرامہ سیریل میں ’’بشر مومن، الف اللہ اور انسان، بلا، آخر کب تک، پری زاد اور حبس‘‘ شامل ہیں۔

 رنبیر کپور پاکستان میں کام کرنے کے بیان سے کیوں مکرے؟

Back to top button