عثمان خالد نے پرسن آف دی ائیر کے اعزاز کا حقدار کسے قرار دیا؟

معروف پاکستانی اداکار عثمان خالد بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ٹائم میگزین کے پرسن آف دی ائیر کا اعزاز غزہ کے صحافیوں اور ڈاکٹرز کو دیا جانا چاہئے، وہ اس کے زیادہ حقدار ہیں۔شہرہ آفاق امریکی جریدے ٹائم میگزین کی جانب سے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوفٹ کو سالانہ ’پرسن آف دی ایئر‘ کی شخصیت کا اعلان کرنے کے بعد اداکار عثمان خالد بٹ نے ناگواری کا اظہار کیا، ٹائم میگزین ہر سال دسمبر کے آغاز پر ’پرسن آف دی ایئر‘ کے اعزاز کا اعلان کرتا ہے۔ٹائم میگزین نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا، اس سے قبل 2021 میں ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو یہ اعزاز بخشا گیا تھا۔رواں سال میگزین نے امریکہ کی گلوکارہ ٹیلر سوفٹ کو ’پرسن آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا، جریدے کی جانب سے ٹیلر سوفٹ کی تصویر کو سرورق کی زینت بنایا گیا، رواں سال ٹائم میگزین کی جانب سے ’پرسن آف دی ایئر‘ کے لیے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوفٹ کے علاوہ دیگر 9 امیدواروں کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں چینی صدر شی جن پنگ، ولادیمیر پوٹن، باربی اور ہالی وڈ کے مشہور اداکار اور مصنفین شامل تھے۔اس دوران پاکستانی اداکار عثمان خالد بٹ نے ٹائم میگزین کے اعلان پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ’پرسن آف دی ائیر‘ غزہ کے صحافیوں کو قرار دینا چاہئے، رواں سال 7 اکتوبر کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری مسلسل بمباری کے باعث فلسطینیوں کی ’نسل کشی‘ اور تباہی کے دوران فلسطینی صحافیوں کی بہادرانہ رپورٹنگ کو سراہا۔انہوں نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹائم میگزین کے پرسن آف دی ائیر کا اعزاز فلسطینی صحافیوں، ڈاکٹروں اور عام شہریوں کو دینا چاہئے تھا جنہوں نے نسل کشی کے دوران ناقابل یقین ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔اداکار نے 2022 میں ٹائم میگزین کی جانب سے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو پرسن آف دی ائیر کا اعزاز دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ اگر یوکرین کے لیے ان کی خدمات کو سراہا جا سکتا ہے تو فلسطین کے لیے غزہ کے صحافیوں اور ڈاکٹرز کو کیوں نہیں۔یاد رہے کہ 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد جنگ دونوں ممالک میں جنگ جیسی صورتحال اختیار کرگئی تھی اس دوران ہزاروں لوگ مارے گئے تھے۔ٹائم میگزین نے روس کے حملے کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے اور مشکل وقت میں عوام کی قیادت کرنے پر یوکرینی صدر کو 2022 کی بہترین شخصیت چنا تھا۔
