پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے تحریری مطالبات پیش کرنے کےبعد وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دےدی ہے۔

اسلام آباد میں سینیٹر عرفان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی میں تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔

رانا ثنا اللہ نےکہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی مطالبات کا باضابطہ جواب دےگی، اور کمیٹی کا جواب حتمی ہوگا۔

انہوں نےکہا کہ اپوزیشن مینڈیٹ کی واپسی کے مطالبےسے دستبردار ہوگئی ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے 2 بنیادی مطالبات ہیں جن کا وہ پچھلے 10، 11 ماہ سے ذکر کرتے آرہےہیں، ایک تو یہ کہ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائےجس پر ہم انہیں کہتے ہیں کہ اس کےلیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے، آج اس سے وہ دستبردار ہوگئے ہیں اور آج کی ملاقات میں انہوں نے الیکشن کے حوالے سے کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا دوسرا مطالبہ یہ تھاکہ تمام مقدمات سیاسی طور پر بنائے گئے ہیں جس پر ہم نے انہیں کہا تھا کہ آپ ہمیں ایف آئی آر کے نمبرز فراہم کریں کہ کن سیاسی ورکز کےخلاف ایسے مقدمات بنائے گئے ہیں لیکن انہوں نے اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی۔

ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن نے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں کہا ’وفاقی حکومت 2 کمیشن قائم کرے اور ان کمیشن کی سربراہی یا چیف جسٹس آف پاکستان کریں یا پھر سپریم کورٹ کے 3 سینئر ترین ججز میں کسی کو سربراہی دی جائے، یہ کمیشن انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت بنائے جائیں۔

راناثنااللہ نے کہا ہ تحریری مطالبات میں 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کی بات کی گئی تو یہ معاملہ تو پہلےسے سپریم کورٹ میں ہے اور اس پر پہلےسے ہی جوڈیشل ریویو ہوچکا ہے تو اس میں دوبارہ چیف جسٹس کس چیز کی انکوائری کریں گے۔

Back to top button