وینزویلا اور کیوبا نے امریکی حملے میں ہلاک 55 فوجی اہلکاروں کی لسٹ جاری کر دی

وینزویلا اور کیوبا نے امریکی کارروائی میں ہلاک ہونے والے 55 فوجی اہلکاروں کے ناموں کی لسٹ  جاری کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیوبا اور وینزویلا نے گزشتہ ہفتے امریکی حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات منظرِ عام پر لائی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوبا کی حکومت نے اپنے 32 فوجی اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں جو کراکس میں ہونے والی فوجی کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے، جبکہ وینزویلا کی فوج نے بھی اپنے 23 اہلکاروں کی فہرست شائع کر دی ہے۔

کیوبا ڈیبیٹ میں شائع اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے 21 اہلکار وزارتِ داخلہ سے تعلق رکھتے تھے، جن میں 3 اعلیٰ افسران شامل تھے، جن میں دو کرنل اور ایک لیفٹیننٹ کرنل شامل ہیں، جبکہ باقی انقلابی مسلح افواج کے ارکان تھے، جن کی اکثریت فوجیوں پر مشتمل تھی۔

دوسری جانب وینزویلا کی فوج نے 23 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں 5 ایڈمرل، مختلف رینک کے 16 سارجنٹس اور 2 فوجی شامل ہیں۔

مزید برآں ایک امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ وینزویلا میں فوجی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 75 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں کراکس میں صدر نکولس مادورو کے کمپاؤنڈ پر شدید فائرنگ اور جھڑپوں کے دوران ہوئیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا پر حملہ کیا تھا، جس دوران امریکی ڈیلٹا فورس نے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے حراست میں لے لیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو ان کے بیڈروم سے گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمات چلائے جائیں گے۔

Back to top button