وینزویلا امریکی کنٹرول میں شاندار کارکردگی دکھائے گا،ٹرمپ

امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کاکہنا ہے کہ نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد وینزویلا امریکی کنٹرول میں شاندار کارکردگی دکھائے گا۔
صدر ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم سے اپنے خطاب کے ابتدائیہ میں ہی خاصا وقت وینزویلا پر گفتگو کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا میں بڑی کارروائی کے بعد اب ہر بڑی آئل کمپنی ہمارے ساتھ آ رہی ہے اور یہ حیران کن ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا کہ جب امریکا پھلتا پھولتا ہے تو دنیا بھی ترقی کرتی ہے۔ وینزویلا اگلے چھ ماہ میں اتنا پیسہ کمائے گا جتنا اس نے پچھلے 20 سال میں نہیں کمایا تھا۔ ہر بڑی آئل کمپنی ہمارے ساتھ آ رہی ہے اور یہ حیران کن ہے۔ تاہم انھوں نے اس کی مزید تفصیل بیان نہیں کی۔
ٹرمپ نے وینزویلا کی عبوری صدر دلسی رودریگز کی قیادت میں چلنے والی انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ اچھے طریقے سے تعاون کر رہی ہے۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ جیسے ہی وہاں امریکی حملہ ختم ہوا تو وینزویلا کی نائب صدر نے امریکا کو پیغام دیا کہ آؤ معاہدہ کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی نائب صدر کے معاہدہ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے مشورہ دیا کہ دیگر ممالک کو بھی یہی کرنا چاہیے۔
امریکی صدر نے یورپی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یورپ کے بعض حصے، سچ کہوں تو، اب پہچان میں نہیں آتے۔ وہ اب پہلے جیسے نہیں رہے ہیں۔
