مذہب کے نام پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مذہبی جذبات کو تشدد کو ہوا دینے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے راولپنڈی میں اہل تشیع علما سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے علما کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ وہ غلط معلومات اور فرقہ وارانہ سوچ کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ملک میں امن و امان کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور مذہب کو تشدد کے جواز کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید برآں انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کو جہاں بھی پایا گیا، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں شریک علما نے تشدد کی سخت مذمت کی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے آپریشن "غضب للحق” کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

Back to top button