وٹامن ڈی کی کمی سےکمردردکی شکایت بڑھنےکاخدشہ

دنیا بھر میں کروڑوں افراد دائمی کمر درد کا شکار ہیں اور ایک نئی طبی تحقیق نے اس مسئلے کو وٹامن ڈی کی کمی سے جوڑ دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسم میں وٹامن ڈی کی کم سطح ناصرف ہڈیوں اور پٹھوں کو کمزور کرتی ہے بلکہ کمر درد کی شدت میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔
طبی جریدے ’کیوریئس جرنل آف میڈیکل سائنسز‘ میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن افراد میں وٹامن ڈی کی شدید کمی پائی گئی، اُن میں کمر کے نچلے حصے میں درد کی شدت زیادہ دیکھی گئی۔
تحقیق کے دوران ایسے بالغ مریضوں کا جائزہ لیا گیا جو 12 ہفتوں سے زائد عرصے سے کمر درد میں مبتلا تھے، نتائج کے مطابق وٹامن ڈی کی کم مقدار رکھنے والے افراد روزمرہ کاموں میں زیادہ مشکلات اور جسمانی معذوری کا سامنا کر رہے تھے۔
ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی ہڈیوں کی مضبوطی، پٹھوں کی کارکردگی اور جسم میں دیگر غذائی اجزاء کے جذب کے لیے انتہائی اہم ہے، اس کی کمی جسمانی درد، کمزوری اور تھکن کا باعث بن سکتی ہے۔
