نہروں کیخلاف پنجاب سےبھی آوازاٹھ رہی ہے،خورشید شاہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کینالز کی تعمیر پر سندھ سے ہی نہیں پنجاب سے بھی آواز اٹھ رہی ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نےکہا کہ عظمیٰ بخاری بیان دینے سے قبل پانی کی تقسیم کا 91 کا معاہدہ پڑھ لیں جب کہ بنیادی طور پر عظمیٰ کا تعلق پیپلزپارٹی سے رہا ہے لہذا وہ ایسے بیانات نہ دیں۔پانی کی تقسیم کے حوالے سے 91 کا معاہدہ کلیئر ہے اور کینالز کی تعمیر کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے، کینالز کی تعمیر پر اب صرف سندھ سے ہی نہیں پنجاب سے بھی آواز اٹھ رہی ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ جب 91 کا معاہدہ ہوا تو ہمارے پاس 114 ملین ایکڑ فٹ پانی تھا، اس وقت ہمارے پاس صرف 94 ملین ایکڑ پانی ہے۔پانی کا مسئلہ اہم ہے، ہم چاہتے ہیں ہر پاکستانی کو پانی ملے، جس طرح آبادی بڑھ رہی ہے آگےچل کر ہمیں پینے کے لیے بھی پانی ملےگا یا نہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بے شک کوئی بھی قرار داد لائیں مگر خاموش تو ہوجائیں، پارلیمنٹ میں وہ کسی کی بات سنتے نہیں وہ کسی بات پر سنجیدہ نہیں ہیں۔ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہمیں پاکستان کی بات کرنی ہوگی یا مسائل پیدا کرنا ہوں گے جب کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےحوالےسے کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتا یہ عدالتی معاملہ ہے۔