ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ: ایرانی سفیر کا پاکستان سے اظہارِ تشکر

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے یو این انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر ایران کے حق میں ایک اصولی مؤقف اختیار کیا۔

رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان کے اصولی کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے خلاف غیر منصفانہ قرارداد پر ووٹنگ کا مطالبہ کر کے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا۔

ایرانی سفیر کے مطابق 12 روزہ جارحیت، بیرونی حمایت یافتہ ہنگامے اور عالمی اداروں کے غلط استعمال کی کوششیں ناکام ہو گئیں، جبکہ ایران کے خلاف سیاسی اور بلاجواز اقدامات کو مسلسل تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ پاکستان کی حمایت انصاف، انسانی حقوق، کثیرالجہتی نظام اور قومی خودمختاری سے وابستگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس اصولی اور مستقل حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گا۔

Back to top button