ایران نے معاہدہ نہ کیا توجنگ فیصلہ کن ہوگی،امریکی وزیردفاع

امریکا کے وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسِتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ کے حوالے سے آئندہ چند روز فیصلہ کُن ثابت ہوں گے۔ لہٰذا انہیں سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاہدہ کرلینا چاہیے۔
امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسِتھ نے ایران جنگ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فضائیہ ایران میں مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے اور اس جنگ میں آئندہ چند روز فیصلہ کُن ثابت ہوں گے۔
پیٹ ہیگسِتھ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ہفتے کے روز مشرقِ وسطیٰ کا دورہ اور ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں میں مصروف امریکی افواج سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد زمینی صورت حال کا خود جائزہ لینا تھا تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اس دورے کی تفصیلات اور مقامات کو خفیہ رکھا گیا۔
امریکی وزیرِ جنگ کا کہنا تھا کہ امریکا بھرپور طاقت کے ساتھ ایران میں حملے کر رہا ہے۔ ایرانی فوج کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور وہ مایوسی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز ایران میں 200 مقامات کو نشانہ بنایا گیا، امریکا کے پاس مزید آپشنز بھی موجود ہیں، جب کہ ایران کے پاس اب محدود آپشنز رہ گئے ہیں۔
انہوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران معاہدہ نہیں کرتا تو امریکا مزید سخت فیصلے کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ڈیل چاہتے ہیں، تاہم ایران کو دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاہدہ کرنا ہوگا۔
