ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر دشمن کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنا ہوگا : وفاقی وزیر

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر دشمن کے مذموم عزائم کا مقابلہ کریں،پاکستان کے امن، خود مختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، قوم متحد ہے، افواج مستعد ہیں اور ہر قربانی کا حساب لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف جاری دہشت گردی اب ڈھکی چھپی نہیں رہی،ریاستِ پاکستان کو ایک منظم سازش کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں معصوم جانوں کا خون بہانا اس بات کی دلیل ہےکہ ان دہشت گردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہےاور نہ ہی پختون روایات سے،یہ عناصر اپنے خود ساختہ نظریات کی تکمیل کےلیے انسانیت کی ہرحد پار کرنے کو تیار ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بارہا مطالبہ کیاگیا کہ افغان سرزمین کو فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کےلیے استعمال نہ ہونےدیا جائے، لیکن اس کے برعکس پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت اور دراندازی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ریاست پاکستان واضح کرنا چاہتی ہےکہ قومی سلامتی،وقار اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہرسیاسی وابستگی اور مفاد سے بالاتر ہے،اس جنگ کا جواب مکمل قومی اتحاد،عوامی حمایت اور فولادی عزم سے دیا جائے گا،ہماری سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کی مکمل تائید کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلیے پر عزم ہیں۔
پی ٹی آئی کے تمام گروپ اختلافات کے باوجود عمران خان کے اندر رہنے پر متفق ہیں، خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہےکہ ہم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر دشمن کے مذموم عزائم کا مقابلہ کریں،پاکستان کےخلاف ہونےوالی اس دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا،پاکستان کے امن،خود مختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،قوم متحد ہے،افواج مستعد ہیں اور ہر قربانی کا حساب لیا جائےگا۔
