دہشتگردوں اورہینڈلرز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ بلوچستان میں ہم دہشتگردوں اور ان کے ہینڈلرز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

وزیردفاع کاایکس پیغام میں کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر پوری قوم کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ کسی حقوق کی جدوجہد کا نام نہیں، یہ بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی ہے جس کا ہدف بلوچستان کے اپنے لوگ اور پاکستان ہے۔ لیکن ہم دہشتگردوں اور ان کے ہینڈلرز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ عناصر نہ ترقی برداشت کرتے ہیں نہ امن، اسی لیے وہ مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسے عناصر ترقی کے منصوبوں اور روزگار کے مواقع تباہ کرنا چاہتے ہیں، اور سی پیک جیسے منصوبوں کے خلاف سازش کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہاکہ یہ گروہ منظم مجرمانہ نیٹ ورکس، منشیات پر چلنے والی معیشت، بھتہ خوری اور اسمگلنگ سے مالی مدد لیتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے دہشتگردی کی تشہیر اور نوجوانوں کی بھرتی کرتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہاکہ ریاست پُرعزم ہے، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بلند ہے، اور ہم دہشتگردوں، سہولت کاروں اور بیرونی ہینڈلرز سب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے حملے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیے ہیں، اور دو روز میں اب تک 108 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

 

Back to top button