دہشت گردوں کے بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور انہیں اپنا نظریہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پیغام امن کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کل کمیٹی پشاور کا دورہ کرےگی،دورے کے دوران تمام مکتبہ فکر کے علماء سے گفتگو ہوگی اور یہ پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا کہ اسلام امن کا دین ہے۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ یہ کون سا اسلام ہے جس کے نام پر بھارت سے فنڈنگ لےکر پاکستان میں دھماکے کیے جائیں؟ یہ سارا عمل پیسے کےذریعے چلایا جارہا ہے اور افغان حکومت ہردوسرے روز بھارت جاکر مذاکرات کررہی ہے، آئے روز فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کے عزائم کھل کر سامنے آتے جارہے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پوری قوم دہشت گردی کےخلاف متحد اور تیار ہے، دہشت گردی کےخلاف قومی بیانیے کو مضبوط بنایا جائےگا اور ریاست دشمن عناصر کے عزائم کو نا کام بنایا جائےگا۔
