شہبازشریف کے ذمہ داریاں سنبھالنے پرامریکی بیان کا خیرمقدم
وزیر اعظم ہائو س نے شہباز شریف کے وزیر اعظم پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر امریکی بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر اعظم ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابقپاکستان سے امریکاکے طویل مدتی تعلقات کی تجدید نو کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہماری نئی حکومت امریکاکے ساتھ تعمیری اور مثبت روابط کا فروغ چاہتی ہے،خطےمیں امن، سکیورٹی اور ترقی کےفروغ کے لیے امریکا کے ساتھ مثبت روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہم امریکا کے ساتھ اہم تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق امریکاکے ساتھ تعلقات کو مساوات کے اصول، باہمی مفادات پر مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وزیر اعظم پاکستان بننے پر امریکہ کا ردعمل آیا تھا۔
پیرکو شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک جمہوری پاکستان امریکا کے مفادات کے لیے اہم ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ کے دوران ساکی نے کہا کہ ہم آئینی جمہوری اصولوں کی پرامن عملدرآمد کی حمایت کرتے ہیں،امریکا یقینی طور پر قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم بننے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی شہباز شریف سے توقعات
پریس سیکرٹری جین ساکی نے کہاامریکا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے ،خواہ قیادت کوئی بھی ہو اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔
پریس بریفنگ میں ساکی سے ایک سوال کیا گیا کہ کیا بائیڈن شہباز شریف کو فون کریں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فون کالز کے لحاظ سے، میرے پاس اس وقت کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔