بشریٰ بی بی بارے فواد چوہدری کے اصل خیالات کیا ہیں؟
اپنی پرائیویٹ گفتگو میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو چارج شیٹ کرنے والے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ان کی فرنٹ پرسن فرح خان کی مبینہ کرپشن بارے میں کئے گئے ایک سوال پر سینئر صحافی مطیع اللہ جان کو بکا ہوا قرار دے دیا جس کے بعد سپریم کورٹ کے احاطے میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ عمران دور میں ایجنسیوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے مطیع اللہ جان کو بکاؤ قرار دینے پر فواد میڈیا حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ آج عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی فرنٹ پرسن فرح خان کے حوالے سے جو الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، یہی الزام ماضی قریب میں فواد چوہدری اہنی پرائیویٹ محفلوں میں لگاتے رہے ہیں اور اس بات کی تصدیق بھی کرتے رہے ہیں کہ عثمان بزدار کو وزیر اعلی پنجاب لگانے کے پیچھے بھی خاتون اول کا ہاتھ تھا۔ بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے قصے گزشتہ کچھ دنوں سے زبان زدِ عام ہیں۔ ہر پاکستانی کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ آخر یہ فرح خان کون ہے اور ان کے دبئی جانے پر سیاسی حلقوں میں اتنی بے چینی کیوں پائی جاتی ہے؟ 6 اپریل کو سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو کے آغاز میں ہی سینئیر صحافی مطیع اللہ جان نے فرح کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال داغ دیا جس پر فواد چوہدری بھڑک گئے اور انہوں نے صحافی کو بکا ہوا قرار دے کر کہا کہ ایسے لوگ کرائے پر یہاں بھیجے جاتے ہیں۔
بشریٰ بی بی کے پہلے شوہر خاورمانیکا کے قریب ترین دوست احسن جمیل گجر کی اہلیا فرح خان کا نام گزشتہ چند دنوں سے حزبِ اختلاف کے متعدد رہنماؤں اور تحریکِ انصاف کے ناراض اراکین کی زبان سے کئی بار سنا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس نام کے حوالے سے اس وقت ایک جنگ سی چھڑی ہوئی ہے۔ اس بحث میں فرح خان پر کرپشن کے کئی الزامات عائد کیے جارہے ہیں اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حکومتی حکام بشمول خاتونِ اول ان تمام معاملات سے باخبر تھیں۔ فرح خان کی بشری بی بی کے ساتھ دوستی ان کی وائرل ہوئی کئی تصاویر میں دیکھی جاسکتی ہے جو فرح نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لگائی تھیں۔ حال ہی میں ان کی دبئی روانگی نے سوشل میڈیا پربحث کی ایک نئی لہر کو جنم دیا ہے۔
کچھ دن پہلے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے الزام لگایا تھا کہ فرح پنجاب میں پولیس کی تقرریوں اور تبادلوں کے بدلے کروڑوں روپے کی رشوت وصول کرتی تھی جس کا بڑا حصہ بنی گالا جاتا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرح خان کی وائرل ہونے والی حالیہ تصویر میں ان کے پاس ایک کروڑ 62 لاکھ روپے کا بیگ ہے، جو کئی پاکستانیوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی سے زیادہ ہے۔
اس کے بعد سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور اور سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان نے بھی خاتون اول کی فرنٹ پرسن فرح خان پر الزامات لگائے۔ چونکہ اس تمام معاملے میں سابق وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے بھی کرپشن کے الزامات سامنے آرہے ہیں اس لیے انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک وضاحتی بیان لکھا۔ بزدار نے کہا کہ خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد
لیکن سینئر صحافی کامران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں بزدار۔خو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ بے شک فرح خان کے خلاف لگنے والے الزامات میں سچ اور جھوٹ کی آمیزش ہوگی لیکن کیا عمران خان اس تمام معاملے سے بالکل بے خبر ہیں؟ انہوں نے لکھا کہ فرح خان کی بشری بی بی سے نزدیکیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہیں۔
دوسری جانب ایسی اطلاعات بھی آ رہی ہیں کہ فرح خان پنجاب میں کرپشن کے نتیجے میں اندرون اور بیرون ملک اربوں روپے کی جائیدادیں بنا چکی ہیں اور برطانیہ میں ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی کی مالکن بھی ہیں۔ ایسے میں فواد چوہدری کی جانب سے فرح خان کے معاملے پر ایک سینئر صحافی سے الجھنا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ وہ خود بھی اس معاملے پر وہی خیالات رکھتے ہیں جو کہ مطیع اللہ جان کے ہیں۔
What are Fawad Chaudhry real thoughts about Bushra Bibi? | video