بنگلہ دیش کی حمایت میں وہی کیا جو کرنا چاہیے تھا،محسن نقوی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملہ چل رہا ہے، پاکستان بھی انتظار کررہا ہے اور بنگلہ دیش کی حمایت میں وہی کیا جو کرنا چاہیے تھا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ورلڈ کپ میں مسئلہ بنگلہ دیش کا تھا، اور ابھی آئی سی سی سے بات چیت چل رہی ہے، ہم نے بنگلہ دیش کا مؤقف سامنے نہیں آنے دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گھر آئے مہمان کی عزت کرنا سیکھا ہے، اور اگر کوئی خود چل کر آئے تو بہت ساری چیزیں بھول جاتی ہیں۔ بنگلہ دیش سے اطلاعات کا انتظار ہے۔
محسن نقوی سے سوال کیا گیا کہ کیا اس معاملے پر کسی دوست ملک نے مداخلت کی، انہوں نے کہا کہ بہت سارے دوست ممالک نے ہم سے بات کی، ہم نے انہیں اپنے مؤقف سے آگاہ کیا، آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر پاکستان پر پابندی کی دھمکیوں اور بھاری جرمانے عائد کیے جانے کے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نہ میں دھمکی سے ڈرتا ہوں، نہ حکومت اور فیلڈ مارشل کا آپ کو پتا ہی ہے، اس لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
