تحریک انصاف کے تحریری مطالبات میں کیا ہوگا؟

 سابق وزیراعظم عمران خان نےمذاکراتی کمیٹی کومطالبات تحریری جمع کرانے کی ہدایت کی ۔مگر اب دیکھناہے کہ تحریری مطالبات میں کیا ہوگا؟

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی تحریری مطالبات کا ڈرافٹ تیار کرنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سےمذاکراتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کیلئےرابطہ کرےگی۔

مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن نےبتایا کہ تحریری مطالبات میں عمران خان کی رہائی کا براہِ راست ذکر نہیں ہوگا، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ رکھا جائےگا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت سے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ تحریری طور پر کیاجائےگا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے حکومت سے مشروط مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ اگر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کردیا گیا تو مذاکرات آگے بڑھیں گے۔

پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن نے بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کروانے کا مطالبہ بھی تحریری طور پر حکومت کے سامنے رکھا جائےگا۔

دوسری جانب اسپیکر سیکرٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بیرون ملک میں موجود ہیں اور وطن واپسی پر دونوں فریقین سے رابطہ کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی رواں ہفتے وطن واپسی متوقع ہے۔

Back to top button