ضمنی الیکشن میں کہاں گئی مقبولیت؟مریم نواز کی پی ٹی آئی پرکڑی تنقید

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی بڑی کامیابی پرکہاکہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی مقبولیت کہاں چلی گئی؟

مریم نواز نے صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےضمنی الیکشن کو ریفرنڈم قرار دیدیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے مسلم لیگ ن نے بیانیے پر نہیں کارکردگی پر ضمنی الیکشن جیتا، آج نہ فیض حمید ہے اور نہ وہ ججز جو پی ٹی آئی کو جتواتے تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے 2024 کے الیکشن میں ہاری ہوئی اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں، ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ کیا، الیکشن بیانیوں سے نہیں کارکردگی کے بل بوتے پر جیتا جاتا ہے، عوام نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد کر کے ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کو 2017 کے ضمنی الیکشن میں لانچ کیا گیا، گلگت بلتستان میں کامیاب جلسے کیے لیکن ہم سے سیٹیں چھینی گئیں، سب کو پتا ہے کہ دھاندلی کب اور کس کے لیےہوئی تھی، لیکن مسلم لیگ ن اپنے موقف پر قائم رہی۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ اب بیانیوں سے تنگ آ گئے ہیں، بیانیوں سے ملک ترقی نہیں کرتے، کارکردگی سے بہتر کوئی بیانیہ ہو ہی نہیں سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہری پور میں مسلم لیگ ن کی جیت کو سب نے دیکھا، بیانیے والوں کو کام کرنا نہیں آتا، صرف نوجوانوں کو گمراہ کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی نے قیدی نمبر804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہو گئے۔

 

Back to top button