غلطی پی ٹی آئی کی ہو یا ن لیگ کی، تنقید اخلاقی حدود میں کی جائے،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جہاں پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں یا اقدامات میں خامی ہو، وہاں اخلاقی دائرے میں رہتے ہوئے تنقید کی جانی چاہیے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جس طرح پی ٹی آئی پر تنقید کی جاتی ہے، اسی طرح مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی شائستگی کے ساتھ تنقید ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے خلاف کیے جانے والے اقدامات پر سب کو آواز بلند کرنی چاہیے اور عوام کو حق اور سچ کا ساتھ دینا چاہیے۔

دوسری جانب پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کے یورپ‘‘ لاہور کی بہت سیر ہوچکی، اب خدارا واپس جائیں اور خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل پر بھی توجہ دیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل رات بنگلہ دیش کی تصاویر لگا کر خوشیاں منائی جا رہی تھیں، تاہم دن کی روشنی میں اسٹریٹ موومنٹ کی حقیقت سامنے آ گئی، جہاں نعروں کا جواب دینے والا بھی کوئی موجود نہ تھا۔

Back to top button