ویزے کے بغیر پاکستانی شمالی امریکہ کے کن 5 ممالک میں جا سکتے ہیں؟

ویسے تو پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد اسرائیل کے علاوہ کسی بھی ملک کا ویزا حاصل کر کے وہاں کا سفر کر سکتے ہیں تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ شمالی امریکہ کے 5 ممالک سمیت دنیا کے نو ممالک ایسے بھی ہیں جہاں کے لیے پاکستانی پاسپورٹ کے حامل شہریوں کو پیشگی ویزے کی کوئی ضرورت نہیں پڑتی۔
خیال رہے کہ سال 2024 کے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا پاور رینک 98ہے۔ پاور رینک دراصل موبیلٹی اسکور کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے، اور موبیلٹی اسکور کا مطلب ہے کہ کتنے ایسے ممالک ہیں، جہاں کا سفر آپ با آسانی کر سکتے ہیں۔ ان میں ویزہ فری، ویزا آن ارائیول، یعنی جہاں پہنچنے پر آپ کو ویزہ مل جائے گا اور وہ ممالک بھی شامل ہیں جن کے لیے آپ کو آن لائن ویزہ دستیاب ہے۔ پاسپورٹ انڈیکس 2024 کے مطابق پاکستان کا موبیلٹی اسکور 46 ہے۔
تاہم پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ دنیا کے نو ممالک ایسے ہیں، جہاں آپ بغیر ویزہ جا سکتے ہیں، تین ممالک ایسے ہیں جہاں کے لیے آپ کو ویزہ کی ضرورت تو نہیں ہے لیکن آپ کو الیکٹرانک ٹریول آتھنٹیکیشن یا ای ٹی اے درکار ہو گی، جبکہ 34 ممالک کے لیے ویزہ آپ کو آن لائن ہی مل جائے گا۔
اگر آپ پاکستانی پاسپورٹ رکھتے ہیں تو شمالی امریکہ کے پانچ ممالک ایسے ہیں جن کے لیے آپ کو ویزہ کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان میں بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، سینٹ ونسٹ اینڈ دی گرینیڈینس اور جمہوریہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو شامل ہیں۔براعظم افریقہ کے دو ممالک میں بھی آپ پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ بغیر ویزہ جا سکتے ہیں ان میں گیمبیا اور روانڈا شامل ہیں جبکہ اوشینیا کے خطے کے دو ممالک مائیکرونیزیا اور وانو آتو بھی ان نو ممالک کی فہرست میں شامل ہیں، جہاں آپ پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں۔ اوشینیا کے خطے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پیسیفک جزائر شامل ہیں
وہ ممالک جن کے لیے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شخص کو الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن یا ای ٹی اے درکار ہے، ان میں براعظم افریقہ کے تین ممالک آئیوری کوسٹ، کینیا اور سیشلز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ای ٹی اے ایسے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو کسی دوسرے ملک میں داخلے کیلئے ضروری ہوتا ہے، جنہیں ویزہ کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم وہ ایک سادہ سے آن لائن پراسیس کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کی الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن کرا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاسپورٹ انڈیکس نامی آن لائن سروس دنیا کے مختلف ممالک کے پاسپورٹس کے بارے میں معلومات مرتب کرتی ہے۔ یہاں نہ صرف کسی بھی پاسپورٹ کی نہ صرف عالمی رینکنگ دیکھی جا سکتی ہے بلکہ یہ بھی معلوم کیا جا سکتا ہے کہ آپ اپنے پاسپورٹ کے ساتھ کن ممالک کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں، کن ممالک کے لیے آپ کو ویزہ آن ارائیول یعنی اس ملک کے ایئرپورٹ پر پہنچنے پر ویزا مل جائے گا، کن ممالک کا ویزہ آپ آن لائن حاصل کر سکتے ہیں اور کن ممالک کے لیے آپ کو باقاعدہ ویزہ اپلائی کرنا پڑے گا۔
پاسپورٹ انڈیکس کی 2024 کی فہرست میں پاکستان 98ویں نمبر پر آتا ہے، پاکستان کے ساتھ اسی نمبر پر صومالیہ کو بھی رکھا گیا ہے۔دنیا میں 12 ممالک ایسے ہیں جہاں پاکستانی پاسپورٹس پر بغیر ویزا داخلہ ملتا ہے جبکہ 34 ممالک میں ویزا آن ارائیول مل سکتا ہے۔ جبکہ دنیا کے 152 ممالک ایسے ہیں جہاں داخلے کے لیے پاکستانی پاسپورٹ کے حامل شہریوں کو ویزا لینا پڑتا ہے۔اس فہرست میں پاکستان سے نچلی رینکنگ میں 99 نمبر پر صرف ایک ملک عراق ہے۔پاسپورٹ انڈیکس کی رینکنگ میں انڈیا 75 نمبر پر موجود ہے اور انڈین پاسپورٹ پر 29 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہوا جا سکتا ہے۔انڈین پاسپورٹ پر 44 ممالک میں ویزا آن ارائیول ملے گا جبکہ 125 ممالک میں داخلے کے لیے ویزا لینا پڑے گا۔متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ کو اس سال بھی طاقتور پاسپورٹس کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔پاسپورٹ انڈیکس کی فہرست کے مطابق اماراتی پاسپورٹ پر 179 ممالک میں ویزا لیے بغیر سفر کیا جاسکتا ہے۔ اماراتی پاسپورٹ پر 133 ممالک میں بغیرویزے کے انٹری ہوتی ہے جبکہ 46 ممالک میں آن آرائیول ویزے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔اماراتی شہریوں کے لیے 90 فیصد سے زائد ممالک سفری سہولت فراہم کرتے ہیں۔198 ممالک میں سے صرف 19 ممالک کے لیے پہلے سے ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔
سروے کے مطابق دوسرے نمبر پر سپین ہے جہاں کے باشندے 178 ممالک میں بغیرویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔تیسری نمبرپر فرانس، جرمنی، اٹلی، ہولینڈ، لکسمبرگ، سوئزرلینڈ اور اسٹریا شامل ہیں جن کے شہریوں کو 177 ممالک میں بغیرویزے کے آنے کی اجازت ہے۔
