لاہوریوں کوکون روک سکتاہے،علیمہ خان کابسنت منانےکااعتراف

بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان کاکہنا ہے کہ لاہوریوں کو بسنت منانے سے روکنابہت مشکل ہے میں نے خود بسنت منائی۔

اے ٹی سی  راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے کسی کو نہیں کہا تھا کہ بسنت نہ مناؤ، لاہوریوں کو بسنت منانے سے کون روک سکتا ہے، میں نے بھی گھر پر پتنگ اڑائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کا جنون دیکھا جہاں بچہ بچہ پتنگیں اڑا رہا تھا، میرا بیٹا 6 فروری کو اپنے بچوں کے ساتھ بسنت منانے گیا تھا۔میرا بڑا بیٹا جنونی ہے وہ بسنت کا شوقین ہے، لاہوریوں کو بسنت سے روکنا بڑا مشکل ہے، یہ کسی پارٹی کی بسنت تو نہیں ہے۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ  8 فروری کا احتجاج بہت زبردست تھا، لوگوں نے جس طرح چپ کرکے ووٹ ڈالا تھا کل احتجاج بھی چپ کرکے کیا، پہلے یہ کہتے تھے گھر بیٹھو اب کہتے ہیں باہر نکلو۔ پاکستانیوں نے خاموشی سے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

علیمہ خان نے کہا کہ جنہوں نے کل دکانیں بند کرکے احتجاج کرنا تھا انہوں نے کیا جنہوں نے احتجاج نہیں کرنا تھا انہوں نے نہیں کیا، کل کا احتجاج کامیاب تھا آپ جو مرضی کہیں۔سپریم کورٹ میں گزشتہ دو سال کے کیسز جمع ہوئے تھے، نمایاں پیش رفت یہ ہے کہ اپیلوں پر سماعت کیلئے تین رکنی بنچ بنا دیا گیا ہے۔

Back to top button