عامرلیاقت نے بنی گالہ کے قصے سنانے کی دھمکی کیوں دی؟
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے خود سے 31 سال کم عمر تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ سے علیحدگی بارے گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی سچائی نہیں اور یہ افواہیں پی ٹی آئی والے اڑا رہے ہیں جن کو مرچیں لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ پی ٹی آئی والو تم میرے گھر میں گھسے ہو،
مجھے مجبور مت کرو کہ میں بھی بنی گالہ میں مقیم کسی تیسری بیوی کے قصے سناؤں۔
عامر لیاقت نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ دانیہ شاہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔ عامر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ سختی سے سیدہ دانیہ شاہ سے علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میری علیحدگی بارے خبریں پی ٹی آئی کے کرائے کے لوگ پھیلا رہے ہیں، جن میں کوئی سچائی نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی والوں کو خبردار کیا کہ وہ انکے گھریلو معاملات میں مداخلت نہ کریں اور نہ ان کے گھر میں داخل ہوں، ورنہ کچھ بھی نہیں بچے گا، انہوں نے اپنی پوسٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی مینشن کیا تا کہ انکی دھمکی وہاں بھی پہنچ جائے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے عامر لیاقت حسین نے پچھلے دنوں اپنی پارٹی سے بغاوت کرتے ہوئے منحرف اراکین کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن جب پی ٹی آئی کے ٹرول بریگیڈ نے ان کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینا شروع کیں اور لوٹا قرار دیا تو عامر نے بھی جوابی ویڈیو بناتے ہوئے عمران خان کا رگڑا نکال دیا اور انہیں بے غیرت قرار دے دیا۔ اپنی ایک اور ویڈیو میں عامر لیاقت نے آصف زرداری کو بیماری قرار دینے والے عمران پر تنقید کی اور پیپلزپارٹی کے لیڈر کو بطور ایک قدموں وفاقی لیڈر خراج تحسین پیش کیا۔
عامر لیاقت کی ان ویڈیوز کے بعد پی ٹی آئی کے ٹرول بریگیڈ نے ان کے خلاف مہم تیز کر دی اور یہ خبر چلا دی کہ ان کی اپنی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ سے بھی علیحدگی ہوگئی ہے۔ عامر نے دانیہ شاہ کی مختصر ویڈیو بھی انسٹا گرام پر شیئر کی، جس میں وہ علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرتی دکھائی دیں، دانیہ شاہ نے کہا ان کی عامر لیاقت سے علیحدگی نہیں ہوئی، اور وہ دونوں یک جان دو قالب ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے بارے جھوٹی افواہیں پھیلانا بند کی جائیں۔ عامر لیاقت نے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں تحریک انصاف والوں کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ پی ٹی آئی والو تم میرے گھر میں گھسے ہو،
مجھے مجبور مت کرو کہ میں بھی بنی گالہ میں مقیم تیسری بیوی کے قصے سناؤں، انہوں نے لکھا کہ وہ ایف آئی آے اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان نام نہاد صحافیوں اور سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس چلانے والے جھوٹوں کو گرفتار کیا جائے جو ان کی علیحدگی کی خبریں پھیلا رہے ہیں۔
عامر لیاقت نے یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں کی ہے جب سوشل میڈیا پر بعض لوگوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ انکی تیسری بیوی نے بھی تین ماہ بعد ہی ان سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے خود سے 31 سال کم عمر دانیہ شاہ سے فروری 2022 میں شادی کی تھی۔ شادی کے بعد عامر لیاقت حسین نے گزشتہ ماہ میں اہلیہ کے ہمراہ سابق وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی، خود سے کم عمر لڑکی کے ساتھ شادی پر عامر لیاقت حسین کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
دانیہ شاہ سے شادی سے صرف ایک روز پہلے عامر کی دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر نے ان سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی، دونوں نے جولائی 2018 میں شادی کی تھی اور وہ بھی ان سے کافی کم عمر تھیں، اس سے پہلے عامر لیاقت کی پہلی شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ نے دسمبر 2020 میں عامر سے طلاق حاصل کی تھی۔
Why did Amir Liaqat threaten to tell story of Bani Gala? video