جنید صفدر کی شادی پر مریم نواز کی ڈریسنگ سینس کے چرچے

 

 

 

گزشتہ کچھ عرصے سے خبروں میں زیرِ بحث رہنے والی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ تاہم یہ تقریبات اس لحاظ سے منفرد رہیں کہ شریف خاندان میں پہلی مرتبہ کسی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں وائرل ہوئیں، جن میں نواز شریف فیملی کی غیر سیاسی خواتین بھی نمایاں طور پر دکھائی دیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں جہاں دلہا اور دلہن نے خوب داد سمیٹی، وہیں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈریسنگ اور فیشن سینس کے بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق جنید صفدر کی شادی کی تقریبات میں ایک بار پھر مریم نواز دلہا اور دلہن سے بھی زیادہ توجہ سمیٹتی نظر آئیں۔

 

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی مہندی کی تقریب 16 جنوری کی رات لاہور میں جاتی امرا میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ شادی کی تقریب کا انعقاد لیک سٹی میں کیا گیا تھا جبکہ ولیمے کی تقریب بھی جاتی امراء میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے بیٹے جنید صفدر اور شانزے علی کا نکاح شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار کے سجادہ نشین نے پڑھایا جبکہ شانزے علی سے مفتی راغب حسین نعیمی نے اجازت لی، حق مہر کی رقم صرف 1 لاکھ 25 ہزار روپے رکھی گئی۔شادی کی تقریبات میں نواز شریف، شہباز شریف،مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت وفاقی و صوبائی وزراء اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں جبکہ جاتی امراء فارمز پر منعقد کی گئی ولیمے کی تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے جاری ہیں۔

 

شادی کی تقریبات میں جنید صفدر کی ڈریسنگ نے بھی سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کی اور ان کے روایتی و جدید انداز کو خوب سراہا گیا۔ مہندی کی تقریب کی سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنید صفدر نے گہرے نیوی بلیو رنگ کا روایتی کُرتا زیب تن کر رکھا تھا جس پر سنہری بٹن لگے ہوئے تھے۔ جنید صفدر نے اس شاہانہ لباس کے ساتھ سنہری، براؤن شال کو روایتی انداز میں کندھے پر ڈال رکھا تھا۔ شادی کی مرکزی تقریب سادگی اور وقار کا حسین امتزاج تھی۔ جنید صفدر نے روایتی شیروانی جبکہ دلہن نے بھاری عروسی لباس زیب تن کیا۔ جبکہ ولیمے کی تقریب میں جنید صفدر نے سفید شلوار اور گرے رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی اوردلہن شانزے علی گلابی عروسی لباس میں ملبوس تھیں۔

جنید صفدر کی شادی پر مریم نواز کی سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے بھی خوب توجہ سمیٹی۔ شادی کی سامنے آنے والی تصاویر میں مریم نواز کو نہایت روایتی اور دلکش انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔ مہندی میں انہوں نے سنہری اور زرد رنگوں کے امتزاج سے مزین بھاری لباس زیبِ تن کر رکھا تھا، جو مشرقی ثقافت اور شادی بیاہ کی روایات کی بھرپور عکاسی کرتا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیٹے کی مہندی کی تقریب کے لیے مشہور پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کے ڈیزائن کیے ہوئے پیلے رنگ کے خوبصورت لہنگے کا انتخاب کیا تھا جس پر باریک گوٹا، کامدار کڑھائی اور نفیس نقش و نگار نمایاں تھے جو اسے جاذب نظر بنا رہے تھے۔ مریم نواز نے دوپٹہ نہایت سلیقے سے سر پر اوڑھ رکھا تھا، جس کے کناروں پر شوخ رنگوں کی خوبصورت کڑھائی کی گئی تھی، جبکہ زیورات کے انتخاب میں بھی روایتی انداز اپنایا گیا تھا جو مجموعی لک کو مکمل اور باوقار بناتا ہے۔بیٹے کی شادی کی خوشیوں میں شرکت کے لیے منتخب کئے گئے لباس نہ صرف شادی کی تقریبات کے رنگوں سے ہم آہنگ دکھائی دے رہے تھے بلکہ ان میں سادگی کے ساتھ شاہانہ انداز کی جھلک بھی نمایاں تھی۔

 

واضح رہے کہ اگرچہ جنید صفدر کی شادی کی تقریبات نجی نوعیت کی تھیں، تاہم ان سے جڑی ویڈیوز، تصاویر اور خبریں تاحال عوامی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبنقیدی وار کرنے کے ساتھ ساتھ دلہا، دلہن اور مریم نواز کے لباس، انداز اور روایتی انتخاب کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

 

 

جنید صفدر کی شادی اس لحاظ سے منفرد رہی کہ شریف خاندان میں پہلی مرتبہ کسی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز اس طرح کھلے عام سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں وائرل ہوئیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں قریبی رشتہ داروں اور اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بہن اسماء نواز نے بھی اپنے شوہر کے ہمراہ شرکت کی، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر بھی خوب وائرل ہوئیں۔ اسماء نواز کی یہ عوامی جھلک نایاب قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ عموماً عوامی تقریبات اور میڈیا کی نظروں سے دور رہتی ہیں۔

 

خیال رہے کہ جنید صفدر کی دوسری شادی کا معاملہ کوئی نیا نہیں ہے۔ گزشتہ سال کے اختتام سے ہی جنید صفدر کی دوسری شادی سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔ یہ افواہیں تب حقیقت کا روپ دھار گئیں جب شیخ روحیل اصغر نے خود اس شادی کی تصدیق کرتے ہوئے آنے والی تقریبات کی تفصیلات بھی میڈیا کے سامنے رکھ دیں۔

مریم نواز کے بیٹے کی شادی کی تقریبات کڑی تنقید کی زد میں کیوں؟

یاد رہے کہ اس سے قبل جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح اگست 2021 میں لندن میں ہوا تھا، جس میں مریم نواز شریک نہیں ہو سکی تھیں۔ اس شادی کی تقریبات کئی دن جاری رہیں۔ جنید اور عائشہ تقریباً دو سال تک ساتھ رہے، اس دوران انکی تصاویر سوشل میڈیا پر زیرِ گردش رہیں۔ اگرچہ ان کے درمیان اختلافات کی خبریں منظرِ عام پر نہیں آئیں، تاہم ان کی اچانک طلاق کی خبر سامنے آ گئی۔ جنید صفدر نے خود انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے طلاق کی تصدیق کی اور میڈیا سے اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے اپنی سابق اہلیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

عائشہ سیف خان سے طلاق کے بعد اسی سال شریف خاندان نے جنید صفدر کا رشتہ نواز شریف کے کزن جاوید شفیع کی پوتی سے طے کیا تھا۔ جاوید شفیع اتفاق گروپ آف انڈسٹریز کے اہم رکن ہیں۔ یہ رشتہ 48 سالہ عثمان جاوید کی بیٹی سے طے پایا تھا، جو ماڈل ٹاؤن لاہور میں مقیم ہیں، تاہم صرف ایک ماہ بعد یہ رشتہ باہمی رضامندی سے ختم کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جنید صفدر کا مؤقف تھا کہ عمر کے فرق کے باعث یہ رشتہ موزوں نہیں۔ جس کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنے بیٹے کا گھر دوبارہ بسانے کا فیصلہ کرتے ہوئے باہمی رضا مندی سے جنید صفدر کا رشتہ شیخ روحیل اصغر کے خاندان میں طے کیا۔

Back to top button