پاکستان میں سونے کے بعد چاندی کی سمگلنگ عروج پر کیوں؟

پاکستان میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی ترجیحات بدل کر رکھ دی ہیں۔ اب زیورات کی خریداری سے لے کر سرمایہ کاری تک، چاندی سونے کی متبادل حیثیت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی طلب کے باعث نہ صرف چاندی کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے بلکہ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی سمگلنگ کے واقعات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں چاندی کی قیمت میں اضافے کے بعد حالیہ مہینوں میں سمگلرز مختلف راستوں سے چاندی سمیت قیمتی دھاتیں ملک میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس کے لیے چاندی کو ایئر میل، کارگو اور مسافروں کے سامان میں چھپا کر لانے کے علاوہ دیگر پیچیدہ اور پوشیدہ طریقے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ چاندی کی سمگلنگ کے واقعات میں اضافے کے بعد محکمہ کسٹمز نے ہوائی اڈوں اور ڈاک خانوں میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان میں اچانک چاندی کی مانگ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ کیوں ہوتا جا رہا ہے؟ چاندی کی بڑھتی مانگ کے حوالے سے آل پاکستان جیولرز مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کا کہنا ہے کہ ’عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کے بعد عوام اب سرمایہ کاری کے متبادل کے طور پر چاندی کی طرف آ رہے ہیں۔‘ چاندی چونکہ سونے سے نسبتاً سستی ہے، اسی لیے لوگ نہ صرف زیورات کے لیے بلکہ سرمایہ کاری کے لیے بھی چاندی خرید رہے ہیں کیونکہ سونا اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اور گرتی ہوئی قوتِ خرید کے باعث متوسط طبقہ اب چاندی میں دلچسپی لے رہا ہے۔ پہلے جو خواتین شادی بیاہ پر سونے کے سیٹ بنواتی تھیں، اب وہی ڈیزائن چاندی میں تیار کروا رہی ہیں۔ جس کی وجہ سےت چاندی کی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
تاہم بعض دیگر معاشی ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے نے مارکیٹ کا توازن بدل کر رکھ دیا ہے کیونکہ شادیوں اور دیگر تقریبات کیلئے اب سونا خریدنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں رہی۔ اس لئے لوگ اب سونے کی بجائے چاندی کے سیٹ بنواتے ہیں، جو نہ صرف سستے ہوتے ہیں بلکہ خوبصورت میں بھی اپنی مژال آپ ہوتے ہیں۔ ان کا مزید بتانا تھا کہ پچھلے چند مہینوں میں چاندی کی فروخت میں کم از کم 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو ججز کو کارنر کیوں کر دیا گیا ؟
دوسری جانب شہری بھی تسلیم کرتے ہیں کہ مہنگائی نے سونا خریدنا مشکل بنا دیا ہے۔ جس کے بعد عوام ایک بار پھر چاندی کی طرف آرہے ہیں۔ اس وقت سونا اتنا مہنگا ہو گیا ہے کہ اب تو زیورات صرف شوکیس میں ہی اچھے لگتے ہیں۔ ویسے بھی سونے کے زیورات پہن کر اب باہر نکلنا بھی محفوظ نہیں رہا۔ چاندی اس لحاظ سے بہتر ہے کہ قیمت کم ہے، نقصان کا خدشہ کم رہتا ہے، تاہم معاشی ماہرین کے مطابق سونا ہمیشہ سے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا رہا ہے، تاہم حالیہ معاشی بحران، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی منڈیوں میں غیریقینی صورتحال کے باعث سونا اب عام خریدار کی دسترس میں نہیں رہا۔ چاندی کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود اس کا عوام کی دسترس ہونا ہی اس کی خریداری میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔‘پاکستان میں اس وقت چاندی کی فی تولہ قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ رواں ہفتے مقامی صرافہ بازاروں میں چاندی کی فی تولہ قیمت مزید پانچ ہزار روپے بڑھ گئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں چاندی کی قیمت میں مزید اضافے کے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
