فیض حمید اور عمران کو سزا دینا فوجی قیادت کی مجبوری کیوں ہے؟

سابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور عمران خان کو 9 مئی 2023 کے روز فوجی تنصیبات پر حملوں کے الزام میں سزا دینا اب فوجی قیادت کی مجبوری بن چکی ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔ لہٰذا تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش باقی نہیں بچی۔

معروف اینکر پرسن اور تجزیہ کار عاصمہ شیرازی بی بی سی کے لیے اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں کہتی ہیں کہ سرد شاموں میں پُرانے زخم درد سمیت لوٹ آتے ہیں اور حالات بھی کچھ یوں کہ زخم تازہ بھی رہے اور رفو کا تقاضا بھی رہے۔ دسمبر قومی زخموں کو دُہرانے کے لیے ہر سال آ جاتا ہے۔ اس ماہ کی سولہ تاریخ دو زخم تازہ کرتی ہے، سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک سکول۔ ہر بار دسمبر میں ماضی سے سیکھنے، مستقبل روشن رکھنے، قوم کو سچ بتانے، حمود الرحمن کمیشن رپورٹ عام کرنے، سانحہ آرمی پبلک سکول کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے جیسے مطالبات سامنے آتے ہیں اور سیاسی رہنما بیانات بر سیاسی ضروریات ماضی کے اس تاریک باب کو کھولنے اور فراموش نہ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔

عاصمہ شیرازی کے بقول ہر سیاسی اپوزیشن ان دونوں معاملات کی موجودہ سیاسی دور سے مماثلت اور ان جیسے سانحوں سے بچنے کے لیے بھر پور مہم بھی چلاتی ہے۔

کچھ ٹوئٹر ٹرینڈ، کچھ بیانات اور ضرورت کے تحت اینٹی سیاست کا ڈھول پیٹا جاتا ہے پھر چنداں غم نہیں کہ سترہ تاریخ کو بھُلا دیا جائے کہ یہ دو سانحے ہوئے ہی کیوں تھے۔ سقوط ڈھاکہ کی جڑیں آمریت میں پیوست ہیں۔ جنرل ایوب کی طویل آمریت اور ون یونٹ جیسے فیصلوں نے قوم کو تقسیم کیا اور منقسم قوم میں تفریق اور نفاق کے بیج سے دو لخت ہونے کا راستہ ہموار کیا۔

لسانی اور قومی تفریق نے فاصلے  پیدا کیے اور اُس کو طاقت کے استعمال سے بڑھاوا دے کر مملکت کو ٹکڑے ٹکڑے کیا گیا۔ بدقسمتی سے تقسیم اور تفریق کا یہ عمل آج بھی جاری ہے۔ عاصمہ کا کہنا یے کہ قومی زبانوں اور قومیتوں سے جس طرح لاتعلقی اختیار کی جا رہی ہے یہ خطرناک ہے۔

حال ہی میں 26 نومبر کے بعد پختونوں کی پروفائلنگ کی شکایات اور پھر ایک مخصوص گروہ کی جانب سے ہوا دینا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ قوم اور نسل کی بنیاد پر پروفائلنگ جہاں قابل مذمت عمل ہے وہیں حکومت اور ریاستی اداروں کو نہ صرف دہشت گردی کے تناظر میں اس معاملے سے نمٹنے میں احتیاط سے کام لینا ہو گا بلکہ افغان شہریوں جیسے معاملات میں حد درجہ شفافیت رکھنا ہو گی۔ سینیئر اینکر پرسن کا کہنا ہے کہ سقوط مشرقی پاکستان کے کئی ایک عوامل تھے تاہم گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھچکا انتخابات میں عوامی رائے کو مسترد کرنے سے لگا۔ بدقسمتی کہ عوام کا مینڈیٹ 1971 میں بھی تسلیم نہ ہوا، 2018 کی طرح 2024 میں بھی مینڈیٹ تسلیم کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے۔ بہر حال آئین 71 میں موجود نہ تھا مگر اب آئین موجود ہے اور اُس پر عمل درآمد پاکستان کی بقا کے لیے ضروری۔

عاصمہ شیرازی کہتی ہیں کہ جمہوریت اور ریاست کے معنی گویا بدل چُکے ہیں۔ ریاستی عمل دراری اور طاقت کے مراکز عدم توازن کا شکار ہیں، نئے سانحوں سے بچنے کے لیے کسی مکالمے، مذاکرے کا آغاز کیوں ممکن نہیں اور اس کے لیے کیا کیا اقدامات کرنا ہوں گے، ریاست اور سیاست کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا۔ بلاشُبہ موجودہ حالات میں سیاسی واقعات کی مماثلت سے کوئی نتیجہ تو نہ نکلے گا البتہ حقائق کو سامنے رکھنا بےحد ضروری ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے جسے جماعت اور سیاسی انتظام میں لانا خود تحریک انصاف کے لیے ایک امتحان سے کم نہیں۔ تحریک انصاف کے سیاسی حامیوں کو نہ تو بحیرہ عرب کے سُپرد کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ہمالیہ کے پیچھے دھکیلا جا سکتا ہے لہذا اسے بطور جماعت تسلیم اور قبول کرنا ہو گا۔ تحریک انصاف بھی فوج کی اہمیت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں اور بیانیوں کو مسترد نہیں کر سکتی، سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت سے انکار اور مقتدرہ کو مختار کل سمجھنا کسی صورت سیاسی رویہ نہیں۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بند عمران خان فوجی اسٹیبلشمنٹ اور اتحادی حکومت کے خلاف ہر ’کارڈ‘ استعمال کر چُکے ہیں لیکن ہر کارڈ انہیں کمزور جبکہ فوج اور اسکی اتحادی حکومت کو مضبوط کر رہا ہے۔ سیاست دیوار کے ساتھ لگ چکی ہے اور یہ سیاسی بندوبست فی الحال کسی خطرے سے دو چار بھی نہیں۔ اب تحریک انصاف مذاکرات چاہتی ہے، ناکام ہوتی سول نافرمانی سے پہلے ہی بات چیت اور مفاہمت کا دروازہ جنرل فیض کے ٹرائل سے منسلک ہے یا عمران خان کے گرد نو مئی کا گھیرا مزید تنگ ہو رہا ہے؟ عمران خان رہائی کے لیے بےچین ہیں اور رہائی مستقبل قریب میں دکھائی نہیں دے رہی۔ مذاکرات کی کامیابی کی چابی ان کے ہاتھ ہی ہے شرط خود اُن کی ضمانت ہے، کون یہ گارنٹی دے پائے گا کہ حتمی فیصلے سے قبل کپتان پیچھے نہ ہٹ جائے؟

الطاف حسین کا عمران خان کو فوج سے لڑائی بند کرنے کا مشورہ

دوسری جانب حکومت اور فوج 9 مئی سے پیچھے ہٹنے کو نہ تیار ہیں اور نہ ہی اب فوج پیچھے ہٹنا افورڈ کر سکتی ہے۔ فوج اس معاملے سے پیچھے ہٹی تو خود اُنہیں اندرونی مسائل کا سامنا ہو گا۔ یہ ڈیڈ لاک کسی ایک کو توڑنا ہے۔ وہ کون ہو سکتا ہے سر دست فوج مضبوط قدموں پہ کھڑی ہے۔

مذاکرات کی میز پر بیٹھی تمام سیاسی قوتیں بند مُٹھی کے ساتھ بیٹھیں لیکن انہیں ایک ایک کر کے اپنی انگلیاں کھولنا پڑیں گی کیونکہ سانحوں سے بچنے کے لیے سانحے یاد رکھنا ضروری ہیں۔

Back to top button