پیٹرول کی قیمت بڑھانے سے کیاسپلائی بڑھ جائےگی؟مایاعلی

اداکارہ مایاعلی کاکہناہے کہ اگر پٹرول کی قلت ہے تو کیا قیمت بڑھانے سے اچانک سپلائی بھی بڑھ جائے گی؟

اداکارہ مایا علی نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فیصلے پہلے ہی مشکلات کا شکار عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے حکام اور عوام دونوں کو روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے حالات پر غور کرنے کی اپیل کی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے متعدد پیغامات میں لکھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ بعض اوقات معاشی یا سیاسی حالات کے باعث مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، اور اگر ملک جنگی صورتحال سے گزر رہا ہو تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں ان لوگوں کے بارے میں بھی سوچنا ضروری ہے جن کے گھروں کا نظام روزانہ کی کمائی سے چلتا ہے۔

مایا علی کے مطابق بہت سے افراد ایسے ہیں جن کے پاس صرف موٹر سائیکل ہوتی ہے اور وہ روزانہ کام کر کے ہی اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایندھن کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کا براہ راست اثر ان لوگوں پر پڑتا ہے جو روزانہ سفر کر کے اپنی روزی کماتے ہیں۔

اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کسی حد تک ریلیف کی امید رکھتے ہیں کیونکہ بہت سے خاندان پہلے ہی بڑھتے اخراجات کے باعث شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق بہت سے لوگوں کی تنخواہیں یا یومیہ آمدنی اتنی نہیں کہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ آسانی سے برداشت کر سکیں، جبکہ اکثر افراد کے لیے گھر بیٹھنا ممکن نہیں کیونکہ انہیں اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کام جاری رکھنا پڑتا ہے۔

 

Back to top button