فوج اور پولیس کی مدد سے کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا : وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم نے رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں پاک فوج اور پولیس کی مدد سے ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن اور کامیاب آپریشن کیا، کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
کچے کے علاقے میں آپریشن سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ایک ریاست بنائی ہوئی تھی اور خوف کا ماحول پیدا کر رکھا تھا،لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کرلیاجاتا تھا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھاکہ کچے میں آپریشن بہت مشکل ہے،ہم نے رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا، پاک فوج نے آپریشن کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی،کچے کے علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ایک ڈاکو کو ٹریک کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ آپریشن کے دوران جدید ترین سرویلنس اور ہیومن سرویلنس کا استعمال کیا گیا، ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کےلیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیاگیا،سندھ پولیس اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے بھی آپریشن میں بھرپور ساتھ دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ 100 فیصد ڈاکوؤں سے کلیئر کرالیا گیا ہے،حکومت کی رٹ ان علاقوں میں بحال ہوگئی ہے، اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،خوف کے علاقے سے قانون کی عملداری کا علاقہ بن گیا ہے۔
عمران خان سے متعلق فرینڈ آف کورٹ کی رپورٹ میں تضاد ہے : بیرسٹر عقیل
مریم نواز نے کہاکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کےلیے کوئی رعایت نہیں ہے،کچے کے ڈاکوؤں کےلیے اب کوئی جائے پناہ نہیں ہے،500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا، الحمدللہ پنجاب اب محفوظ ہے۔
