خاتون کو ٹی شرٹ پر پرنٹ گمشدہ بلی کے اشتہار نے پریشان کردیا

امریکا میں  خاتون اس وقت شدید پریشانی کا شکار ہو گئیں جب ان کا فون نمبر ایک گمشدہ بلی کے اشتہار کے طور پر ٹی شرٹ پر پرنٹ ہو گیا۔

نتاشہ لیووئی اور ان کے ساتھی جونتھن مک کرچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں درجنوں افراد کی جانب سے کالز موصول ہو رہی ہیں، جن کا دعویٰ ہے کہ انہیں ان کی گمشدہ بلی "ٹوربو” مل گئی ہے، حالانکہ ان کی بلی کا نام "ماؤزر” ہے اور وہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔

نتاشہ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات دن میں چھ تک فون کالز آتی ہیں، اور اکثر لوگ وائس میل چھوڑ جاتے ہیں کہ بلی مل گئی ہے اور اسے واپس کرنے کے بدلے انعام چاہتے ہیں، جبکہ ان کی بلی تو گھر پر اے سی کی ٹھنڈ میں آرام کر رہی ہوتی ہے۔

بعد ازاں اس جوڑے کو پتا چلا کہ نتاشہ کا فون نمبر ایک ایسی ٹی شرٹ پر پرنٹ ہو چکا ہے، جسے "وسڈم این وائی” نامی کمپنی بیچ رہی تھی۔ شرٹ پر ایک گمشدہ بلی کے اشتہار کی طرز کا ڈیزائن بنا تھا جس میں نتاشہ کا نمبر بھی شامل تھا۔

کمپنی کے نمائندے نے وضاحت دی کہ یہ نمبر جان بوجھ کر استعمال نہیں کیا گیا، اور جیسے ہی معاملے کا علم ہوا، شرٹیں آن لائن اسٹور سے واپس منگوا لی گئیں۔

دوسری جانب نتاشہ نے فون نمبر تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نمبر ان کے مخصوص علاقے سے متعلق ہے اور ایسا نمبر دوبارہ حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔

Back to top button