راولپنڈی: غیرت کے نام پر قتل، خاتون کی قبر کشائی مکمل، جرگے کے سربراہ سمیت 7 افراد گرفتار

راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں غیرت کے نام پر جرگے کے حکم پر قتل کی گئی خاتون کی قبر کشائی علاقہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں مکمل کر لی گئی، جب کہ پولیس نے جرگے کے سربراہ سمیت مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، میڈیکل ٹیم نے قبر کشائی کے دوران مقتولہ کی لاش سے نمونے حاصل کیے، جو فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیے جائیں گے۔ قبر کشائی کے وقت میڈیکل ٹیم، میٹروپولیٹن کارپوریشن، اور پولیس اہلکار موقع پر موجود تھے، جب کہ ملزم گورکن راشد محمود نے علاقہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کی نشاندہی کی۔

فرانزک سیمپلز لینے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی دو رکنی ٹیم بھی پیرودھائی قبرستان پہنچی، جبکہ ہولی فیملی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر نے نمونے اکٹھے کیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب قتل کر کے لاش کو صبح چھتی قبرستان میں دفنایا گیا، بعد ازاں گورکن سمیت 25 افراد نے شواہد مٹانے کی کوشش کی۔

پولیس نے مقدمے میں مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں سابق وائس چیئرمین عصمت اللّٰہ، گورکن، قبرستان کمیٹی کا سیکرٹری، رکشہ ڈرائیور اور دیگر شامل ہیں۔ تین ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، جنہیں قبر کشائی کے لیے بھی لایا گیا تھا اور بعد میں واپس تھانے منتقل کر دیا گیا۔

Back to top button