جگن کاظم نے بچے کی پیدائش کے بعد وزن کس طرح کم کیا؟

مقبول اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے انکشاف کیا کہ تیسرے بچے کی پیدائش پر میرا وزن 45 کلو مزید بڑھ گیا تھا لیکن وزن میں کمی کے لیے مجھے سخت محنت کرنا پڑی، آخری پندرہ کلو میرے لیے بڑے پریشان کن تھے۔
اداکار نے رمضان ٹرانسمیشن کے دوران بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے تیسرے بچے کی پیدائش کے بعد وزن کس طرح کم کیا، اپنی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ جگن کاظم نے بتایا کہ ان کے تیسرے بچے کی پیدائش کے بعد ان کا وزن پہلے سے 45 کلو مزید بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بے حد پریشان ہوگئی تھیں۔
جگن کاظم نے بتایا کہ انہیں اس وزن کو کم کرنے کیلئے بہت محنت کرنی پڑی تاہم آخر میں 14 سے 15 کلو وزن کم کرنا ان کیلئے بہت مشکل ہو گیا تھا، جگن نے اپنے وزن میں کمی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر طریقہ آزمانے کے بعد صرف صبح شام نیم گرم پانی کا استعمال شروع کر دیا جس سے ان کا وزن تیزی سے کم ہوگیا اس کی وجہ سے ان کا میٹابولزم زیادہ کام کرنے لگا اور اس طرح ان کا وزن گھٹ گیا۔
واضح رہے کہ ادکارہ و میزبان جگن کاظم 2004 میں ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کینیڈا سے پاکستان واپس آئی تھیں، جہاں ان کی احمد تاجک سے دوست کی شادی کے موقع پر ملاقات ہوئی اور دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے لیکن شادی کے صرف ایک سال بعد جگن کاظم نے گھریلو تشدد کے باعث شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی، اس وقت ان کا بیٹا حمزہ صرف دو ماہ کا تھا۔جگن کاظم نے 27 جون 2013 کو فیصل نقوی سے شادی کی اور ان کے ہاں بیٹی نور بانو کی 9 اکتوبر 2020 کو پیدائش ہوئی۔
یاد رہے کہ جگن کاظم ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلموں میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکی ہیں، جگن کاظم کے مشہور ڈراموں میں پیاسی، شیر دل، چاٹ، ایک پل، میری ان سنی کہانی، ستم، من و سلویٰ، نہ جانے کیوں، مشال، پتلی گلی، رنگیل پور، پانی جیسا پیار سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ ان کی معروف فلموں میں 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم خاموش رہو اور 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم شارٹ کٹ شامل ہیں۔
