پاکستانی گلوکارہ نتاشہ اعجاز سپاٹی فائی کی ایمبیسڈر منتخب

صرف 7 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کرنے والے پاکستانی گلوکارہ نتاشہ حمیرا اعجاز کو سپاٹی فائی کی جانب سے 2023 کے لیے ایکوئل پاکستان کے تحت دوسری ایمبیسڈر بنانے کا اعلان سامنے آیا ہے۔
یہ اعزاز پانے کے ساتھ وہ نیویارک کے ٹائمز سکوائر میں ایکوئل کے ڈیجیٹل بورڈ پر بھی جلوہ گر ہوئی ہیں، نتاشہ اعجاز کے سات برس کی عمر میں گائے گئے گیت ’خود سے باتیں‘ کو سپاٹی فائی کے ایکوئل پاکستان کی پلے لسٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نتاشہ کا سفر بطور گلوکار پی ٹی وی کے ساتھ شروع ہوا جب ان کی عمر سات سال تھی۔ تاہم ان کا پہلا گیت ’ٹوڈے از اے پلیس‘ سال 2010 میں سامنے آیا اور اس طرح وہ میوزک انڈسٹری میں داخل ہوئیں، ان کا موسیقی کا سفر کامیابی کی بلندی پر گامزن ہے، نہ صرف اپنے پرستاروں کے لیے غیرمعمولی گیت تیار کیے بلکہ مشہور اینی میٹڈ فلم ’اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور‘ میں بھی اپنی صوتی خدمات پیش کیں۔
اس اہم اعزاز کے حصول پر نتاشہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا کہ مجھے ایکوئل ایمبیسڈر کا اعزاز حاصل ہوگا، مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میری آواز عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہی ہے، میں جو کام کرتی ہوں وہ اسی لیے کرتی ہوں کیونکہ میں زندگی گزارنے کے کسی دوسرے طریقے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی۔
’بلاشبہ، مجھے دنیا کے سامنے متعارف ہونے کا موقع ملنا اور اس کے ساتھ ساتھ دوسری گلوکار خواتین کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، نتاشہ کے بہت سے گیت عوام کو بہت پسند ہیں جبکہ ان میں متعدد گانوں کو مقامی ایوارڈز کے لیے نامزد بھی کیا جا چکا ہے، ان گیتوں میں ’ٹل دی اینڈ آف ٹائم‘ (Till the end of time) اور ’خواب‘ دونوں ان کی آواز کے جادو کا شاہکار ہیں۔ مزید برآں، ان کے گیت، ’گاڈ ان می‘ (God in me) میں ان کی اپنی کہانی کو دل چھو لینے والے انداز میں پیش کیا گیا جس میں سامعین نے بھی دلچسپی دکھائی ہے۔
اس اہم اعلان پر سپاٹی فائی کی سینئر ایڈیٹر برائے پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش، رطابہ یعقوب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’نتاشہ حمیرا میوزک انڈسٹری میں کافی عرصے سے قابل ذکر انداز سے موجود ہیں۔ انہوں نے میوزک کے اس سفر میں بہت سے ساتھی فنکاروں کو تعاون فراہم کیا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
ہم سپاٹی فائی کے ایکوئل ایمبیسڈر کے طور پر انہیں منتخب کرنے پر بہت پرجوش ہیں، انہوں نے میوزک انڈسٹری میں خواتین کی یکساں شمولیت سے متعلق اپنی آواز پرُزور انداز سے پیش کی، سپاٹی فائی کا باضابطہ پلیٹ فارم، ایکوئل پاکستان ملک میں خواتین فنکاروں کو فروغ دیتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم شاندار مقامی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کے سلسلے میں اپنی پہلی سالگرہ کی تکمیل کے قریب ہے۔
سپاٹی فائی نے 2008 میں اپنے قیام کے بعد موسیقی کی سماعت کا انداز قدرے تبدیل کر دیا ہے، کپمنی کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد یہ ہے کہ تخلیقی گلوکاروں کو اپنا آرٹ پیش کرنے اور اربوں پرستاروں کو ان سے محظوظ کرنے کا موقع فراہم کرکے انسان کے تخلیقی فن کے امکانات سامنے لائے جائیں۔
آج دنیا کی مقبول آڈیو سٹریمنگ سروس پر 80 ملین سے زیادہ گیت ہیں جن میں 4.7 ملین پوڈکاسٹس بھی شامل ہیں جبکہ 180
سے ممالک میں 456 ملین یوزرز بشمول 195 ملین سبسکرائبرز کی اس کی کمیونٹی کا حصہ ہیں۔
اداکار فیصل قریشی کی بیٹی حنیش کونسی فلم سے ڈیبیو کرنیوالی ہیں؟
