دل چرانے والی اداکارہ سشمیتا سین کو دل کا مرض لاحق

مس انڈیا، مس یونیورس رہنے والی بھارتی اداکارہ سشمیتا سین ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ رہی ہیں، کچھ دن قبل انہیں دل کا دورہ پڑا تھا اور اب ان کی اینجیوپلاسٹی کر دی گئی۔
سشمیتا سین نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ اپنی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ اینجیو پلاسٹی کے بعد انہیں اسٹنٹ ڈال دیے گئے اور اب ان کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ کچھ دن قبل انہیں ہارٹ اٹیک ہوا تھا، جس کے بعد ان کی اینجیوپلاسٹی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور دو دن قبل یعنی فروری کے اختتام پر ان کے دل میں اسٹنٹ ڈال دیا گیا۔اپنی پوسٹ میں صحت یابی کی دعائیں کرنے والی شخصیات اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ روبہ صحت ہیں اور ان کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
اپنی اداؤں سے مداحوں کا دل چرانے والی اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے دل کے ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کا دل بہت بڑا ہے۔اداکارہ کی جانب سے مذاق میں کہی گئی بات پر بعض مداح پریشان بھی دکھائی دیئے، کیوںکہ عام طور پر دل کا بڑا ہونا بھی دراصل سنگین بیماری کی علامت ہے، تاہم اداکارہ نے بڑے دل کی بات کے ساتھ مزاحیہ ایموجیز کا بھی استعمال کیا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ انہوں نے یہ بات مذاق میں کی۔
سشمیتا سین کی جانب سے ہارٹ اٹیک کی پوسٹ کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرتے ہوئے انہیں مضبوط خاتون قرار دیا، ساتھ ہی مداحوں نے بھی ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
سشمیتا سین کی جانب سے اس بار عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کی پوسٹ کیے جانے سے قبل نومبر 2021 میں انہوں نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ اپنی 46 ویں سالگرہ سے کچھ دن قبل انہوں نے سرجری کروائی تھی۔
سشمیتا سین نے نومبر 2021 میں اگرچہ سرجری کروانے کا اعتراف کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے کس چیز کی سرجری کروائی تھی۔اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اداکارہ 2021 میں بھی عارضہ قلب کے علاج سے گزریں ہوں گی۔
سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 50 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں۔
بالی وڈ اداکارہ گوہر خان، شلپا شیٹی اور تبو سمیت متعدد ساتھی فن کاروں نے سشمیتا سین کو جلد صحت یابی کی دعائیں دیں۔پریانکا بھٹ کے بقول یہ سن کر خوشی ہوئی کہ اب آپ ٹھیک ہیں، آپ ایک فائٹر ہیں اور لاکھوں لوگوں کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
عمران سولنکی نے کہا کہ وہ اپنی دوست سشمیتا کی بیماری کی خبر سن کر صدمے میں ہیں، سنجے اگروال نے نے کہا کہ سشمیتا بھارت کی پہلی مس یونیورس ہیں جنہیں چند روز قبل دل کا دورہ پڑا ہے، ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی، ڈاکٹر ڈی کے گپتا نے اداکارہ کو جلد صحت یابی کی دعا دی۔
