عالمی بینک سے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر فنانسنگ کی منظوری

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی بینک کی جانب سے یہ منظوری پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوژو ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دی گئی ہے، جس کا مقصد میکرو اکنامک استحکام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔

عالمی بینک کے مطابق اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر تک کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جس میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی حکومت جبکہ 100 ملین ڈالر سندھ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ فنڈز کی فراہمی اصلاحاتی اہداف کے حصول سے مشروط ہوگی۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ منصوبہ ٹیکس نظام میں بہتری اور شفاف مالی نظم و نسق پر مرکوز ہے، جبکہ ڈیجیٹل ڈیٹا اور مالیاتی نظام کو مضبوط بنا کر سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

بیان کے مطابق یہ پروگرام آئی ایم ایف کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی سے ہم آہنگ ہے۔ اس کے تحت سندھ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے وسائل میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ اصلاحات سے شفافیت اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

Back to top button