دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مال کا اعزاز ایران کو حاصل
ایران نے دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مال کھولنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، تہران کے شمال مشرق میں ‘ایران مال’ کی 7 منزلیں ہیں لیکن پورا انفرااسٹرکچر 13 لاکھ 50 ہزار اسکوائر میٹر پر پھیلا ہوا ہے جس کو 16 لاکھ اسکوائر میٹر تک وسعت دی جائے گی۔
2014 سے اب تک یہاں 1200 سے زائد ٹھیکیداروں اور 25 ہزار مزدوروں نے کام کیا اور اسے دنیا کا سب سے بڑا شاپنگ مال بنایا۔2018 میں تعمیرات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا تھا اور 708 دکانیں کھلی تھیں۔
‘ایران مال’ میں 12 سنیما ہیں، ایک تھیٹر ہال میں 2 ہزار افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہے، عجائب گھر ہے اور متعدد آرٹ گیلریز بھی ہیں۔چھت پر ٹینس کورٹس، کنونشن سینٹر، ہوٹل اور متعدد کانفرنس ہالز بھی ہیں۔ایک نیا پنج ستارہ ہوٹل اور جدید اسپورٹس سینٹر بھی جلد کھلے گا۔