ورلڈ لیجنڈز چیمپئن شپ:بھارتی کھلاڑیوں کا شاہد آفریدی کو ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ، میچ منسوخ

ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز (WCL) میں آج اتوار کو شیڈول پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ منسوخ کر دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے میچ کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کا میچ برمنگھم میں ہونا تھا، اور شائقین کو اس مقابلے کا شدت سے انتظار تھا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ نے ان شائقین کو رقم کی واپسی کی یقین دہانی کروائی ہے جنہوں نے پہلے سے ٹکٹس خرید رکھے تھے۔

ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے محمد حفیظ کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دی تھی، جس کے بعد ٹیم کا اگلا میچ روایتی حریف بھارت سے ہونا تھا۔

ذرائع کے مطابق، میچ کی منسوخی کی وجہ بھارتی کھلاڑیوں کے تحفظات تھے۔ اطلاعات ہیں کہ بھارتی ٹیم کے چند سابق کھلاڑیوں، جن میں شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ شامل ہیں، نے شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کیا اور میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا میں بھی اس میچ کے انعقاد پر سوالات اٹھائے گئے، جس کے بعد بڑھتے دباؤ کے پیش نظر منتظمین نے میچ کو منسوخ کرنا ہی بہتر سمجھا۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی منسوخی کے باوجود دیگر میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

Back to top button