صارفین خبردار! اب ’’ایکس‘‘ کا استعمال مفت نہیں ہوگا؟

ایکس صارفین کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اس کی مفت سروسز کو بہت جلد ختم کر دیا جائے گا اور صارفین کو ایکس استعمال کرنے کی ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی، اس سلسلے میں دو آپشن متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔اس وقت ایکس پر ایک ہی ماہانہ فیس کا آپشن ہے،جس کے تحت صارفین کو ماہانہ 8 امریکی ڈالر ادا کرنے پڑتے ہیں، ماہانہ فیس کے عوض صارفین کو بلیو ٹک فراہم کیے جانے کے علاوہ دیگر فیچرز بھی دیئے گئے ہیں جبکہ کمپنیز کی ماہانہ فیس افراد کے اکاؤنٹ سے کہیں زیادہ ہے۔’’ایکس‘‘ نے فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کا آغاز اپریل 2023 میں شروع کیا تھا اور بعد ازاں متعدد فیچرز کو ماہانہ فیس سے جوڑ دیا تھا لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ ایکس اپنی کمائی بڑھانے کے لیے ماہانہ فیس کے مزید دو نئے آپشنز متعارف کرائے گا، جس میں سے ایک آپشن کی فیس زیادہ جب کہ دوسرے کی موجودہ فیس سے کم ہوگی۔امریکی اخبار بلوم برگ کے مطابق ایکس کی جانب سے بینکوں کو آگاہی دی گئی ہے کہ وہ پلیٹ فارم پر سبسکرپشن کے مزید دو نئے آپشنز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جس سے کمپنی کی کمائی میں اضافہ ہوگا، ایکس نے معلومات ان بینکوں اور اداروں کو دی ہے، جن کا ایکس مقروض ہے اور پلیٹ فارم کو 13 ارب ڈالر کے قرضوں کا سامنا ہے۔ نئے سبسکرپشن پلانز کے تحت صارفین کو ’بیسک، اسٹینڈرڈ اینڈ پلس‘ سبسکرپشن کے آپشنز دیئے جائیں گے، پلانز کے تحت بیسک سبسکرپشن لینے والے افراد کو ایکس کے خصوصی مواد تک رسائی نہیں مل سکے گی، انہیں تمام اشتہارات اور فالتو اکاؤنٹس اور چیزیں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔بیسک سبسکرپشن پلان کی ماہانہ فیس 8 امریکی ڈالر سے نصف ہوگی، یعنی ممکنہ طور پر پلان ماہانہ تین امریکی ڈالرز فیس کا ہوگا اور یہ بھی امکان ہے کہ یہ پلان تمام صارفین کو لینا پڑے گا، تب ہی وہ ایکس پر اکاؤنٹ چلا سکیں گے۔اسی طرح کمپنی کی جانب سے دوسرے اسٹینڈرڈ سبسکرپشن کے پلان کی ماہانہ فیس 8 امریکی ڈالر رکھے جانے کا امکان ہے رپورٹ کے مطابق تیسرا سبسکرپشن پلان پلس کا ہوگا، جس کے تحت ممکنہ طور پر صارفین سے ماہانہ 15 سے 17 امریکی ڈالر کی فیس وصول کیے جانے کا امکان ہے۔اس سبسکرپشن پلان کو حاصل کرنے والے صارفین کسی طرح کا کوئی اشتہار نہیں دیکھیں گے جبکہ انہیں ایکس کے خصوصی فیچرز تک رسائی دیئے جانے کے علاوہ انہیں دنیا بھر کے خصوصی مواد تک بھی جلد اور بہتر رسائی دی جائے گی، ابھی یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ ایکس کی جانب سے تینوں سبسکرپشن پلانز کب تک متعارف کرائے جائیں گے، تاہم امکان ہے کہ اسے نئے سال کی پہلی سہ ماہی تک متعارف کرایا جائے گا۔
