زمان پارک کے باہر پولیس اور کارکنوں میں جھڑپیں جاری

پولیس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کے دوران کارکنوں سے تصادم جاری ہے، پولیس کی بھاری نفری نے زمان پارک کو گھیر رکھا ہے جبکہ کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے معاملے پر پی ٹی آئی اور پولیس آمنے سامنے ہیں۔ بدھ کی صبح ایک بار پھر پی ٹی آئی اور پولیس اہلکاروں میں تصادم ہوا۔
پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی۔ پولیس آپریشن کو18 گھنٹے گزر چکے ہیں۔ تین اضلاع کی پولیس آپریشن میں حصہ لے رہی ہے، رینجرز کے دستے بھی مال روڈ پر موجود ہیں۔
زمان پارک اورقریبی علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔ مال روڈ کے اطراف واقع تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔
