سوشل میڈیا پر زرداری اور جمائما کے چرچے کیوں ہونے لگے؟
سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان سوشل میڈیا پر ٹینڈ کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین مختلف طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما اکثر و بیشتر پاکستانی میڈیا میں خبروں کی زینت بنتی ہیں، جس کی اکثر وجہ ان کے اپنے بیانات نہیں بلکہ پاکستانی شخصیات کے ان سے متعلق بیانات ہوتے ہیں اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا جب آصف زرداری نے ایک انٹرویو میں جمائما کا ذکر کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ بارے انکشاف کیا ہے کہ ’جمائما گولڈ سمتھ بیرون ملک بیٹھ کر یوٹیوبرز کو پیسے دیتی ہیں تاکہ وہ یہ تاثر دے سکیں کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔‘آج نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر نے کہا تھا کہ ’مختلف قسم کی دلچسپی‘ رکھنے والی لابی یہاں بلاگرز کی مالی معاونت کر رہی ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ ’باہر جو ہمارے پاکستانی بیٹھے ہیں ان پر دوسری قوموں کا بھی اثر ہے، وہ بہکائے ہوئے ہیں، وہ سمجھ نہیں رہے ہیں کہ یہاں کیا عالم ہے، سوشل میڈیا کے پولز پر ایک رپورٹ نکلتی ہے اور وہ کہتے ہیں عمران خان بہت پاپولر ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ باہر ’بیٹھے ہوئے ولاگرز کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی جیتے گی، ’ان ولاگرز کو جمائما پیسے دے رہی ہے، سیدھی سی بات یہ ہے کہ ایک لابی ہے جو ان کو سپورٹ کر رہی ہے، فنانس کر رہی ہے اور اس لابی کے ارادے کچھ اور ہیں۔‘
عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ سابق صدر آصف علی زرداری کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں جمائمہ کی عمران خان کیساتھ پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ بچھڑنے والے میں سب کچھ تھا، بے وفائی نہ تھی۔‘سفیان نامی سوشل میڈیا صارف نے جمائمہ کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی سپورٹ کا اظہار کیا۔ ویڈیو میں جمائمہ کو پی ٹی آئی جلسہ میں اردو تقریر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ایک صارف نے منفرد انداز میں اس ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔ اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’میڈم جمائمہ، ہمارے پیسے کہاں ہیں؟ لکھ لکھ کر ہماری انگلیاں ٹیڑھی ہوگئیں ہیں۔‘
کامل شہزاد نے لکھا، ’جمائمہ مضبوط رہیں، ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔‘آصف علی زرداری کے اس بیان پر بعض سوشل میڈیا صارفین تنقید بھی کر رہے ہیں اورسوشل میڈیا پر آصف زرداری کے اس بیان کے تناظر میں جمائما کی حمایت کر رہے ہیں۔ایکس صارف شہربانو نے لکھا: ’ثابت قدم رہیں پیاری میڈم جمائما، پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔نوید حسین نامی ایکس صارف کا کہنا تھا: ’اگر پیسوں سے سوشل میڈیا چلتا تو آج یوٹیوب، ٹوئٹر، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پاکستان استحکام پارٹی کا عروج ہوتا۔‘
ایک اور ایکس صارف نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا: ’ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ آپ اخلاص اور انسانیت کی مثال ہیں۔ ہم ان کا مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے۔محمد حسیب نامی صارف نے لکھا: ’آپ لاکھوں میں ایک ہیں، ہم تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔ محفوظ رہیں
اور ثابت قدم رہیں۔‘